10. جو بھی منصوبہ تم باندھو، بات نہیں بنے گی۔ آپس میں جو بھی فیصلہ کرو، تم ناکام ہو جاؤ گے، کیونکہ اللہ ہمارے ساتھ ہے۔
11. جس وقت رب نے مجھے مضبوطی سے پکڑ لیا اُس وقت اُس نے مجھے اِس قوم کی راہوں پر چلنے سے خبردار کیا۔ اُس نے فرمایا،
12. ”ہر بات کو سازش مت سمجھنا جو یہ قوم سازش سمجھتی ہے۔ جس سے یہ لوگ ڈرتے ہیں اُس سے نہ ڈرنا، نہ دہشت کھانا
13. بلکہ رب الافواج سے ڈرو۔ اُسی سے دہشت کھاؤ اور اُسی کو قدوس مانو۔
14. تب وہ اسرائیل اور یہوداہ کا مقدِس ہو گا، ایک ایسا پتھر جو ٹھوکر کا باعث بنے گا، ایک چٹان جو ٹھیس لگنے کا سبب ہو گی۔ یروشلم کے باشندے اُس کے پھندے اور جال میں اُلجھ جائیں گے۔